پنڈدادنخان ( ملک ظہیر اعوان)
سابق ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز راولپنڈی ڈویژن صاحبزادہ ڈاکٹر مسعود الرسول صاحب کی اہلیہ محترمہ،صاحبزادہ حماد الرسول مرحوم کی والدہ محترمہ بقضائے الٰہی انتقال فرما گئیں۔ وہ صاحبزادہ پروفیسر پیر نعیم الرسول ، صاحبزادہ تکریم الرسول ، پیر شہباز کی پھوپھی جان تھیں۔ اور حضرت صاحبزادہ الحاج الحافظ پیر محمد مطلوب الرسول رحمۃ اللہ علیہ کی ہمشیرہ محترمہ تھیں۔مرحومہ کی نمازِ جنازہ خانقاہ للہ شریف میں ادا کی گئی، جس میں علاقے بھر سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ نمازِ جنازہ سجادہ نشین استانہ عالیہ للہ شریف حضرت صاحبزادہ پروفیسر نعیم الرسول دامت برکاتہم العالیہ نے پڑھائی۔ جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شریک ہوئیں، جن میں صاحبزادہ محمد علیم الرسول عارف ،صاحبزادہ احتشام الر سول ، صاحبزادہ حافظ وقار الحسن ،سابق کمشنر اسلام آبادطارق پیرزادہ ، سجادہ نشین سید منشا عباس بخاری ، سابق ایم پی اے حاجی ناصر محمود للہ ،چوہدری اسد بشیر اللہ، امجد اقبال ،بیورو چیف اوصاف ملک ظہیر اعوان ،قاری محمد کرام نقشبندی،حاجی غلام شبیر چدھڑ سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور علاقہ بھر کے معززین شامل تھے۔ مرحومہ ایک باعمل، عبادت گزار، باحیا اور متقی خاتون تھیں جنہوں نے سادگی، حسنِ اخلاق، اور خدمتِ خلق کو اپنی زندگی کا شعار بنایا۔ ان کی نیکی، خوش اخلاقی اور خلقِ خدا کے ساتھ حسنِ سلوک کی گواہی ہر طبقۂ فکر سے سننے کو ملی۔ خواتین میں خاص طور پر ان کے انتقال پر شدید رنج و غم پایا جاتا ہے، کیونکہ وہ نہ صرف ایک باکردار خاتون تھیں بلکہ مقامی خواتین کے لیے مشعلِ راہ بھی تھیں۔مرحومہ مغفورہ کے ایصالِ ثواب کے لیے ختم قل شریف کی محفل کل بروز بدھ جامع مسجد خانقاہ للہ شریف میں منعقد کی گئی ،جس میں صاحبزادگان عزیز و اقارب، استانہ کے مریدین اور عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی سجادہ نشین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ مغفورہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں، ان کی قبر کو نور سے منور فرمائیں، اور تمام پسماندگان و وابستگان کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔
