0

جہلم وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، شہری سراپا احتجاج، آئے روز بجلی کی یونٹس کی قیمتوں میں اضافہ عوام کش پالیسیوں کے مترادف ہے، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں غیر مستحکم، شہریوں نے چیف آف آرمی سٹاف، چیف جسٹس آف پاکستان سے صوبائی حکومت کی ناقص پالیسیوں پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ کردیاہے۔وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 45 پیسے فی لٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 56 پیسے کا اضافہ کردیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے باعث پٹرول کی نئی قیمت 265 روپے 61 پیسے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 277 روپے 45 پیسے ہوگئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 9 روپے 88 پیسے مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بجلی گیس کی قیمتوں میں ہرگزرتے دن اضافے کے باعث شہری خودکشیاں کرنے پر مجبور ہے،جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کے باعث اشیاء خوردنوش کی قیمتیں غیر مستحکم ہونے کیوجہ سے شہریوں کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں،شہریوں نے کہا کہ ملک میں قانون نام کی کوئی چیزنظر نہیں آتی، گراں فروشوں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کررکھی ہے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فوٹو سیشن کروا کے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوادیتے ہیں۔جبکہ گراں فروش غریب عوام کی چمڑیاں اڈھیرنے میں مصروف ہیں، شہریوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف آف آرمی سٹاف سے مطالبہ کیاہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کی جائے سرکاری نرخوں سے اضافی نرخ وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کی سرپرستی کرنے والے سرکاری افسران کو نوکریوں سے فارغ کیا جائے تاکہ لوٹ مار اور مہنگائی کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔