جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں جہاں خود ساختہ مہنگائی نے صارفین کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے وہیں غیر معیاری اور ناقص اشیائے خودونوش کی فروخت کے باعث معدہ سمیت دیگر موزی امراض کے پھیلاؤ میں غیر معمولی اضافے کے خدشات زور پکڑتے جارہے ہیں۔مختلف ہوٹلوں اور دیگر کھانے پینے کے مقامات پر حفظان صحت اور صفائی کے انتظامات کی کمی دیکھنے میں آتی ہے، مضافاتی علاقوں میں قائم بیکریوں میں بیکری مصنوعات پر مدت معیاد درج نہ کئے جانے کے باعث صارفین کو زائد المیعاد اور تازہ اشیاء میں فرق کرنا مشکل ہورہا ہے۔سڑک کنارے فروخت ہونے والی کھانے پینے کی تیار اشیاء پر بھنبھناتی مکھیوں اور حشرات کے باعث ان کا استعمال وبائی امراض کو دعوت دیتا نظر آتا ہے جبکہ بازاری کھانوں کی تیاری میں استعمال کئے جانے والے گھی، تیل اور دیگر مصالحہ جات وغیرہ جانچنے کے لئے بھی اقدامات دیکھنے میں نہیں آتے۔طبی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ غیر معیاری ملاوٹ شدہ اور زائد المیعاد اشیاء خوردونوش کا استعمال انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔شہری حلقوں کی جانب سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
0