0

جہلم پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ ہو سکی

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کے باوجود سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی جہلم شہر سے دیگر شہروں کے درمیان چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کرواسکے۔ مسافر سراپا احتجاج،چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی / ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے اور سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی کروانے کا مطالبہ کردیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 2 روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی، لیکن سیکرٹری ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کررکھی ہے جس کیوجہ سے ٹرانسپورٹرز من مرضی کے کرائے وصول کرکے مسافروں کی جیبوں کا صفایا کر رہے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے کی کمر توڑ کررکھ دی ہے دوسری جانب انتظامیہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے میں لا تعلقی اختیار کئے ہوئے ہے، 2 روز قبل وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا جس پر عملدرآمد شرو ع ہو چکا ہے لیکن ٹرانسپورٹرز مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپاؤ، مال بناؤ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ مسافروں نے چیئرمین ڈسٹرکٹ روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مقررہ کردہ کرایوں فی کلو میٹر فی مسافر کے حساب سے سٹاپ ٹو سٹاپ کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ غریب سفید پوش دیہاڑی دار طبقہ حکومتی ریلیف سے مستفید ہو سکے۔