0

ریسکیو1122نے 8اکتوبر 2005میں زلزلے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے شہیدوں کی یاد میں دن منایا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری تصور حسین)جہلم سیکریٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر اور ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں ریسکیو1122نے 8اکتوبر 2005میں زلزلے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والے شہیدوں کی یاد میں اس عزم سے دن منایا کہ سانحات سے نبرد آزما ہونے کے لیے قبل از وقت تیاری ضروری ہے۔آگاہی واک کے شرکاء نے زلزلے میں وفات پانے والے لوگوں کے لیے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جن کو اس قدرتی آفت میں جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سلسلے میں آگاہی واک اور فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیوز،ریسکیو والنٹیر، سول ڈیفنس اور مختلف اداروں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی نے بھی شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد نے کہا کہ لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز رنگ و نسل 24گھنٹے ریسکیو سروس دستیاب ہے۔ اگرچہ ریسکیو 1122اب تک ہزاروں ایمرجنسیز سے متاثرہ لوگوں کو مدد فراہم کر چکی ہے مگر محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوام الناس میں آگاہی اور حادثات سے روک تھام کے لیے ریسکیو کی ٹریننگ بہت ضروری ہے اور ایسا نظام وضع کیا جائے کہ بہتر تیاری اور منصوبہ بندی سے آنے والے حادثات سے نمٹا جا سکے۔اس سلسلے میں شہریوں کو چاہئے کے ریسکیو1122کے کمیونٹی سیفٹی ونگ سے مفت ٹریننگ حاصل کریں اور ریزیلنس کیمونٹیز کا قیا م عمل میں لائیں تاکہ کسی بھی بڑے حادثے یا سانحے کی صورت میں فوری طور پر امدادی اقدامات میں اپنا حصہ ملا کر قیمتی جانوں کو بچا سکیں اور محفوظ معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔