مزید 12 افرادمیں کروناکی تصدیق،ضلع جہلم میں صورت حال بگڑنے لگی

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ترجمان ڈاکٹر میاں مظہر حیات کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ روز مزید 12 افراد کی کورونا رپورٹ مثبت موصول ہوئی۔اس وقت جہلم میں 34 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض ہیں جن میں کورونا وائرس بیماری کی کوئی علامات نہیں ہیں ان افراد کو گھروں میں آئسولیٹ کیا گیا ہے۔اس وقت کورونا وائرس کے 12 (Suspected) ممکنہ مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں زیر علاج ہیں مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔محکمہ صحت جہلم نے گزشتہ روز تک کورونا وائرس کے مشتبہ 30818 افراد کے نمونے لے کر لیبارٹری بھجوائے ہیں جن میں سے 566 افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔اب تک 523 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو بھجوائے جا چکے ہیں۔ اب تک کورونا وائرس سے 9 اموات ہوئی ہیں۔محکمہ صحت جہلم نے ڈی سی صاحب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف سکولز اور کالجز کے 408 افراد کے نمونے لے کر کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے لیبارٹری بھجوائے ہیں۔اب تک سرکاری اور پرائیویٹ سکولز اور کالجز کے 23609 طلباء اور اساتذہ کے نمونے بھجوائے گئے جن میں سے 8 اساتذہ اور 15 طلباء کی رپورٹ مثبت موصول ہوئی۔ اب تک کل 19 سکولز اور کالجز سیل کیے تھے جن میں سے 14 سکولز اور کالجز کھول دیے گئے ہیں جبکہ 5 سکولز ابھی تک سیل ہیں۔