دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ کے نواحی علاقہ میں موسلادھار بارش سے لوڈر رکشہ برساتی نالے میں الٹ گیا، 2شاہ دولے جاں بحق جبکہ باقی 6افراد کو زندہ نکال لیا، جاں بحق ہونے والے شاہ دولے بھیک کے لیے گجرات سے ککرالہ آئے تھے کہ حادثے کا شکار ہو گئے، جاں بحق کی ڈیڈ باڈی کو نکال لیا گیا اور ریسکیو 1122نے مقامی ہسپتال منتقل کیا جبکہ ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر پولیس تھانہ ڈومیلی نے لوڈر رکشہ کے ڈرائیور کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز دینہ کے نواحی علاقہ ڈومیلی کے قریب پھگواڑی کے مقام پر موسلادھار بارش سے لوڈر رکشہ برساتی نالہ کراس کرتے ہوئے الٹ گیا اور پانی کا تیز بہاؤ بہا کر لے گیا جس سے لوڈر رکشہ میں سوار 2شاہ دولے جن کا نام عارف عمر تقریباً 60سال جبکہ دوسرا بوٹا عمر 40سال جاں بحق ہو گئے جبکہ باقی رکشہ میں سوار 6افراد کو زندہ نکال لیا گیا، پانی کا بہاؤ اتنا تیز تھا کہ جاں بحق ہونے والوں کی ڈیڈ باڈی کو ایک کلو میٹر کی دوری جبکہ دوسری ڈیڈ باڈی کو 3کلو میٹر کی دوری جنوٹ کے مقام سے نکالا، جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کا تعلق شاہ دولہ دربار گجرات سے تھا حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں کی کثیر تعداد اور ریسکیو 1122بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس تھانہ ڈومیلی نے موقع پر پہنچ کر تفتیش کا آغازکر دیا اور جاں بحق افراد کی ڈیڈ باڈی کو گجرات روانہ کر دیا جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی نے کاروائی کرتے ہوئے لوڈر رکشہ کے ڈرائیور ملزم یاسر کو غفلت اور لاپرواہی سے لوڈر رکشہ چلانے پر گرفتار کر لیا۔
