جہلم(چوہدری عابد محمود +عبدالغفارآذاد)جہلم کڑاکے کی سردی، دل کے معاملات کو بھی زیر و زبر کرنے لگی، ہسپتالوں میں آنے والے دل کے مریضوں کی تعداد میں 10 فیصد تک کا اضافہ ہو گیا، طبی ماہرین نے سرد موسم کے دوران دل کے مریضوں کو انتہائی احتیاط برتنے کی تلقین کر دی۔ خشک سردی شروع ہونے کے بعد سے ہسپتالوں میں جہاں کھانسی، نزلہ، زکام اور دیگر امراض میں مبتلا مریض رپورٹ ہو رہے ہیں وہیں دل کے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید سردموسم کے دوران شریا نیں کسی حد تک سکڑ جاتی ہیں جس کے نتیجے میں خون کی گردش متاثر ہوتی ہے، شریانوں میں موجود چکنائی بھی خون کی گردش میں کمی کا باعث بنتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان حالات میں خون کی مناسب مقدار نہ ملنے کی وجہ سے دل کو معمول سے زیادہ طاقت کے ساتھ کام کرنا پڑتا ہے جس کے باعث طبی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں، خصوصا اُن کے لئے جو پہلے سے دل کے مریض ہوں۔ بے احتیاطی بر تنے غیر فطری زندگی امراض قلب کے مریضوں میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، ڈاکٹرز نے شہریوں کو سردی کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیاہے۔
0