دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ میں پٹرول مصنوعات میں اضافے کے باعث گاڑیوں اور چنگ چی رکشوں کے مالکان نے کرائے بڑھا دیے، عوام اور گاڑیوں کے مالکان سے لڑائی جھگڑے اور بحث و تکرار جاری، شہری در بدر کی ٹھوکریں کھانے لگے، غریب کئی میلوں تک گاڑیوں کی بجائے پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو گئے، شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان سے پٹرول مصنوعات میں اضافے کے ظالمانہ فیصلے کو فوری واپس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق دینہ میں گزشتہ روز پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے بعد غریب کا جینا محال ہو گیا، غریب مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ بری طرح پس کر رہ گیا، ٹرانسپورٹس کے کرائیوں کے ساتھ ساتھ دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی آسمانوں سے باتیں کرنے لگیں، پٹرول کے اضافے کے باعث گا ڑیوں اور چنگ چی رکشوں کے مالکان نے کرائیوں میں اضافہ کر دیا جس سے عوام اور گاڑیوں کے مالکان کے درمیان لڑائی جھگڑے اور بحث و تکرار دیکھنے میں آئی، غریب مزدور اپنے کام پر جانے کے لیے گاڑیوں کی بجائے کئی کئی میل پیدل سفر کرنے پر مجبور ہو گئے ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی روٹی پوری کریں یا گاڑیوں کے کرائے ادا کریں ہماری مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے وزیر اعظم پاکستان غریبوں پر رحم کرتے ہوئے پٹرول مصنوعات کی قیمتیں کم کریں تا کہ اس سے دیگر اشیاء بھی غریب عوام آرام سے خرید سکے۔
0