0

دینہ میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث موسم ساون کی دوسری بارش نے پول کھول دیا

دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ میں انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث موسم ساون کی دوسری بارش نے پول کھول دیا، گلیاں محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، بارش کے باعث گلیاں پانی سے بھر گئیں اور پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا جبکہ منگلا روڈ پر بدستور بارشوں کے باعث کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونا معمول بن گیا، شہری سراپا احتجاج، ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق دینہ میں موسم ساون کی دوسری بارش نے انتظامیہ کا پول کھول کر رکھ دیا، صبح سویرے بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے، میر سٹریٹ دینہ، نیو بل سٹریٹ، گلی مہاجرین، محلہ معصوم شاہ سمیت کئی محلے گلیوں میں پانی کھڑا ہو گیا جس سے لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے، انتظامیہ سب کچھ دیکھنے کے باوجود خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے، شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم سے اپیل کی ہے کہ گلیوں اور نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کئی کئی فٹ پانی کھڑاہو جاتا ہے لہذا صفائی کے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ لوگ اپنے نقصانات سے بچ سکیں، انتظامیہ جھوٹی تسلیوں کے سوا کسی کام کی نہیں۔