دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ میں گرمی کی لہر میں اضافہ ہوتے ہی واپڈا اہلکاروں نے بھی عوام پر گرمی کے بم گرانے شروع کر دیے کئی کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان نہ دن کو چین نہ رات کو چین، واپڈا کا جب جی چاہے لوڈ شیڈنگ شروع کر دیتے ہیں، گرمی کی ستائی عوام پریشان شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلی احکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق دینہ میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی واپڈا اہلکاروں نے بھی لنگوٹ کس لیے اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا، گزشتہ رات بھی بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا سارے دن کی محنت کرنے کے بعد تھکی ہاری عوام رات کو بھی چین کی نیند نہ سو سکی، بجلی کی بندش کے باعث کاروباری زندگی بھی بری طرح متاثر ہو کر رہ گئی لوگ سارا دن ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہتے ہیں ادھر عید کی آمد آمد، درزی حضرات بھی پریشان، شہریوں نے اعلی احکام سے اپیل کی ہے کہ اس شدید گرمی میں واپڈا اہلکاروں کو چاہئے کہ بجلی کی بندش کا شیڈول جاری کیا جائے تاکہ دوکاندار حضرات بھی اس سے متاثر نہ ہو سکیں اور بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی آسانی سے کماسکیں۔
0