جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم صوبائی محتسب پنجاب کی ہدایت پر جہلم سمیت پنجاب بھر میں 810 ڈسپنسریوں کو یکم جولائی سے قریبی ہسپتالوں میں ضم کرنیکا فیصلہ کر لیا گیا، ان ڈسپنسریوں کو ضم کر نے کے حوالے سے با قاعدہ طور پر احکامات جاری کئے جا چکے ہیں، ڈسپنسریوں کی بندش کے حوالے سے سپیشل سیکرٹری ڈویلمپنٹ، فنانس اینڈ ریفارم پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی طرف سے با قاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ جس پر علاقہ مکین سراپا احتجاج، صوبائی محتسب سے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی محتسب پنجاب کو دی جانیوالی درخواستوں میں جہلم سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں قائم کی جانیوالی ڈسپنسریوں میں تعینات عملے کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان ڈسپنسریوں کے قیام کا اب کوئی فائدہ نہیں کیونکہ دور دراز علاقوں میں قائم ہونے والی ڈسپنسریوں سے شہری ادویات وغیرہ نہیں لیتے، اسلئے ان ڈسپنسریوں کو قریبی ہسپتالوں میں ضم کرتے ہوئے عملہ دیگر ہسپتالوں میں متعین کیا جائے جس کے بعد صوبائی محتسب کی طرف سے محکمہ صحت کے ذمہ داروں کو احکامات جاری کیے گئے کہ ان ڈسپنسریوں کو قریبی ہسپتالوں میں ضم کیا جائے جبکہ اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ بھی انہیں بھجوائی جائے، جس کے بعد سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ، فنانس اینڈ ریفارم پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی طرف سے جہلم،فیصل آباد، جھنگ ٹو بہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد، پاکپتن، وہاڑی اور دیگر اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کو بھجوائے جانیوالے احکامات میں کہا گیا ہے کہ یکم جولائی سے مذکورہ ڈسپنسریوں کو نزدیک ترین بی ایچ یو، آرایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو میں ضم کیا جارہا ہے اسلئے اس حوالے سے تمام تر محکمانہ اقدامات کو مکمل کر لیا جائے، جبکہ ان ڈسپنسریوں میں تعینات عملے کوضم کیے جانیوالے قریبی بی ایچ یو، آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو میں متعین کیا جائیگا، ان ڈسپنسریوں میں موجود تمام تر آلات اور فرنیچرز کو بعد ازاں قریبی بی ایچ یو، آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو میں بھجوا دیا جائیگا، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ فنانس اینڈ ریفارم پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی طرف سے جاری کیے جانیوالے نوٹیفکیشن کے مطابق جہلم کی 11۔اٹک کی 12، چکوال کی 15، راولپنڈی کی 12، مری کی 6، تلہ گنگ کی 9، فیصل آباد اور ٹو بہ ٹیک سنگھ میں 15 جھنگ میں 12، چنیوٹ میں 10 بہاولنگر کی 6، بہاولپور کی 10، رحیم یار خان کی 5 ڈیرہ غازی خان کی 7،لیہ کی 12، مظفر گڑھ کی 6، راجن پور کی 8 تونسہ شریف کی 12، کوٹ ادو کی 9، سرگودھا میں 15 شیخو پورہ میں 5، لاہور 13، گوجرانوالہ میں 2 بہاولپور میں 32، راولپنڈی میں 20 ساہیوال میں 15 سیالکوٹ میں 33 وہاڑی میں 12، پاکپتن شریف میں 6 حافظ آباد میں 7 اور دیگر اضلاع کی ڈسپنسریاں بند ہوں گی جن کو قریبی بی ایچ یو،آر ایچ سی، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو میں ضم کرنے کے حوالے سے اقدامات مکمل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
0