0

سٹڈی ویزہ و امیگریشن ایجنٹوں نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو لوٹنے کے نئے نئے طریقے ایجاد کر لئ

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم سٹڈی ویزہ و امیگریشن ایجنٹوں نے پڑھے لکھے نوجوانوں کو لوٹنے کے نئے نئے طریقے ایجاد کر لئے، سادہ لوح نوجوان غیررجسٹرڈ اداروں میں فیسوں کے ناموں پر بھاری رقوم ادا کرکے انگلش لینگویج کورس کرتے دکھائی دیتے ہیں جہاں بااثر مالکان پیپر آؤٹ کروا کر تمام سوالات بارے آگاہی فراہم کرنے کا لالچ دیکر مزید رقم اینٹھ لیتے ہیں، تعلیمی ویزہ اور امیگریشن کے نام پر دھوکہ دہی کے ذریعے نوجوانوں سے لاکھوں بٹورے جانے کا انکشاف۔ شہریوں نے ڈی جی ایف آئی اے سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق شہر سمیت چاروں تحصیلوں میں قائم پلازوں، کوٹھیوں اور گنجان آباد علاقوں میں ایسے دفاتر قائم ہو چکے ہیں جوپڑھے لکھے، آنکھوں میں سپنے سجائے نوجوانوں کو اپنے جال میں پھنسا کر بیرون ملک سٹڈی اور امیگریشن ویزوں کی فراہمی کا راگ آلاپ کر روزانہ لاکھوں روپے اینٹھ رہے ہیں،سادہ لوح نوجوان مذکورہ غیر قانونی اداروں میں فیسوں کے نام پر بھاری رقوم ادا کرکے انگلش لینگویج کورس کرتے ہیں،جہاں بااثر مالکان انہیں پیپر آؤٹ کروا کر تمام سوالات بارے آگاہی فراہم کرنے کا لالچ دے کر مزید رقم بٹور لیتے ہیں۔بیرون ملک جانے کے خواہش مند پڑھے لکھے نوجوان اپنے بہتر مستقبل کے سپنے آنکھوں میں سجائے ڈیمانڈ کی گئی رقم کی ادائیگی کیلئے کسی بھی حد سے گزرنے سے گریز نہیں کرتے، مگر ویزہ اپلائی کرنے کی صورت میں انٹرویو کے دوران سوچی سمجھی سازش کے تحت نوجوانوں کو فیل کر دیا جاتا ہے اور دوبارہ نئے سرے سے کورس کرنے کا کہہ کر ٹرخا دیا جاتاہے اس طرح ضلع بھر کے درجنوں نوجوان اپنی جمع پونجی لٹانے کے بعد خالی ہاتھ رہ جاتے ہیں۔پڑھے لکھے بے روزگار نوجوانوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، ڈی جی ایف آئی اے سے مطالبہ کیاہے کہ شہر وگردونواح میں قائم سٹڈی ویزوں کے نام پرقائم ہونے والے نجی اداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ضلع بھر کے نوجوانوں کو سٹڈی ویزہ و امیگریشن کے نام پر دھوکہ دینے والے مافیا کی لوٹ مار سے بچایا جا سکے۔