جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں کی آبادیاں بڑھنے سے بجلی کی طلب میں اضافہ، شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں نصب ٹرانسفارمر روزانہ کی بنیاد پر خراب ہونے لگے، صارفین کو شدید مشکلات کاسامنا، صارفین نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ 50 کے وی کے ٹرانسفارمر کی جگہ 100 کے وی اور 100 کے وی کے ٹرانسفارمر کی جگہ 200 کے وی کے ٹرانسفارمرز نصب کروائے جائیں تاکہ صارفین کی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔ تفصیلات کے شہر و ملحقہ علاقوں میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے ساتھ ساتھ روزانہ کی بنیاد پر مختلف سب ڈویژنزمیں اوورلوڈ کیوجہ سے 1/2 ٹرانسفارمرز روزانہ کی بنیاد پر خراب ہوجاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ شہری علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں اور نجی کارخانے قائم ہونا ہیں دوسری جانب صارفین نے ایئر کنڈیشن، ریفریجریٹرز، موٹریں وغیرہ بجلی پرچلانا شروع کر رکھی ہیں، جبکہ پچھلی کئی دہائیوں سے جو ٹرانسفارمرز نصب کئے گئے تھے آج بھی وہی صارفین کا استقبال کرتے دکھائی دیتے ہیں، صارفین کا کہنا ہے کہ آئیسکو سرکل جہلم نے آج تک اس اہم مسئلے کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جس کیوجہ سے واپڈا ملازمین کے ساتھ ساتھ صارفین کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔صارفین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کئی دہائیاں قبل واپڈا نے جو ٹرانسفارمرزگلی محلوں میں نصب کئے تھے آج بھی وہی ٹرانسفامرز نصب ہیں جبکہ آبادیوں میں غیر معمولی اضافہ ہو چکا ہے،شہریوں نے پلازے، فلیٹ،کوٹھیاں تعمیر کرلی ہیں، متعلقہ افسران کو چاہیے کہ کارروباری سرگرمیاں جاری رکھنے والے مالکان کو ذاتی ٹرانسفامرز نصب کروانے کے احکامات جاری کریں تاکہ عام صارفین متاثر نہ ہو اور بجلی تواتر کے ساتھ مہیا ہو سکے۔
0