جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر حسین شاہ)جہلم شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں شدید بارش نے تباہی مچادی، شہر کی اہم سڑکیں، بازار اور گلی محلے ندی نالوں کا منظر پیش کرتے رہے، شہریوں کا ڈپٹی کمشنر سے نکاسی آب کے نالوں کو واگزار و صفائی ستھرائی کروانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں پچھلے 3 روز سے لگاتار ہونے والی بارش کے باعث شہر کی سڑکوں گلی محلوں میں جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا، جس کی بڑی وجہ نکاسی آب کے نالوں پر تجاوزات کا قائم ہونا اور بارشوں سے قبل نالوں کی صفائی نہ ہونا ہے، دوسری جانب غیر قانونی تعمیرات اور جگہ جگہ تعمیراتی میٹریل اور نالے نالیوں پر تجاوزات کے باعث نکاسی آب کا نظام بھی مکمل طور پر درہم برہم ہو چکا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ضلع جہلم میں جنگل کا قانون ہے جبکہ کوئی بھی ادارہ ان مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آتا جسکی وجہ سے شہر مسائلستان میں تبدیل ہوچکا ہے عوامی،سماجی، رفاعی، فلاحی، شہری تنظیموں کے عمائدین نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری بلدیات، کمشنرراولپنڈی، ڈپٹی کمشنرسے مطالبہ کیا ہے کہ نکاسی آب کے نالوں پر قائم ہونے والی تجاوزات کا خاتمہ اور نالوں کی صفائی ستھرائی کروائی جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
0