جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری ظفرنور)لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ،جہلم سمیت پنجاب بھر میں غیر رجسٹرڈ جوڈیشل ملازمین کی تنظیموں کا ریکارڈ طلب کر لیاگیا، عدالتی ذرائع کے مطابق جہلم سمیت پنجاب بھر کی ضلعی جوڈیشری سے وابستہ ملازمین کی طرف سے محکمانہ ضابطہ اخلاق کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مختلف قسم کی تنظیموں کا قیام عمل میں لایا گیا جو کسی بھی فورم پر رجسٹریشن نہ کروانے والی ان تنظیموں کے حوالہ سے لا ہور ہائیکورٹ کو مختلف اقسام کی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے جہلم سمیت پنجاب بھر میں موجود غیر رجسٹرڈ جوڈیشل تنظیموں کا ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے اس حوالے سے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جہلم سمیت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز صاحبان کو بھجوائے جانیوالے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ جوڈیشل ملازمین تنظیموں میں شامل ملازمین کا ریکارڈمرتب کرکے ہائی کورٹ کو بھجوا یاجائے، جبکہ ملازمین کے ریکارڈ سمیت ایسوسی ایشنز کے مالیاتی ریکارڈ بھی فراہم کئے جانے کے ساتھ ساتھ غیر رجسٹرڈ ملازمین ایسوسی ایشنز کو دیئے جانے والے مالی وسائل بارے بھی آگاہ کیا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ کی طرف سے جاری کیے جانیوالے احکامات کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی طرف سے رپورٹ کی تیاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے جسکو جلد ہی لاہور ہائیکورٹ بھجوادیا جائیگا۔
