0

دینہ میں نوسر باز نے سول ہسپتال میں علاج کے لیے آئی خاتون کو لوٹ لیا،

دینہ (امجد محمود سیٹھی +رضوان سیٹھی سے) دینہ میں نوسر باز نے سول ہسپتال میں علاج کے لیے آئی خاتون کو لوٹ لیا، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات لے کر چلتا بنا، نوسر باز نے خاتون کو فری ٹیسٹ اور ہسپتال میں زیور نہ پہننے کا بہانہ بنا کر لوٹا، نوسر باز موقع سے فرار، اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری پہنچ گئی، نوسر باز کے خلاف مقدمہ درج کر کے تلاش شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق دینہ میں آئے روز بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شہری عدم تحفظ کا شکار ہونے لگے، گزشتہ روز ساڑھے 10بجے کے قریب دینہ کے نواحی علاقہ کسیال کے رہائشی تنویر حسین کی بیوی رورل ہیلتھ سنٹر دینہ میں اپنے بچوں کے ہمراہ علاج کے لیے آئی ہوئی تھی کہ ہسپتال میں ایک نوسر باز کے ہتھے چڑھ گئی، نوسر باز نے فری ٹیسٹ اور ہسپتال میں زیور نہ پہننے کا بہانہ بنا کر خاتون سے لاکھوں روپے مالیت کی طلائی 4عدد چوڑیاں اور 2عدد انگوٹھیاں اتروا لیں اور باتوں باتوں میں غائب ہو گیا، نوسر باز کے غائب ہونے پر خاتون نے شور مچا دیا، اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری بھی پہنچ گئی پولیس نے مقدمہ درج کر کے نوسر باز کی تلاش شروع کر دی۔