0

گورنمنٹ ہائی سکول کندوال کے طلباء نے اپنے اساتذہ کی زیرِ قیادت پاک فوج کی بہادری اور وطن سے وفاداری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی

پنڈدادنخان (ملک ظہیرا عوان)گورنمنٹ ہائی سکول کندوال کے طلباء نے اپنے اساتذہ کی زیرِ قیادت پاک فوج کی بہادری اور وطن سے وفاداری کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک عظیم الشان ریلی نکالی۔
ریلی میں طلباء نے بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا اور قومی پرچم، کتبے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سکول کے اساتذہ اور مقامی شہری بھی موجود تھے جنہوں نے بچوں کے اس جذبے کو سراہا۔
یہ ریلی حالیہ 10 مئی کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران پاک فوج کی شاندار کامیابی کی خوشی میں نکالی گئی، جس میں پاکستان نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ایک اور تاریخی کامیابی حاصل کی۔ اس فتح پر نہ صرف کندوال بلکہ پورے ملک میں جشن کا سماں ہے، اور شہری ریلیوں کے ذریعے اپنی مسلح افواج سے اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔
طلباء نے اپنے نعروں اور بینرز کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ وہ اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہر مشکل وقت میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ریلی کے اختتام پر ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔