0

دینہ کے نواحی علاقے ڈاکوؤں اور چوروں کے نرغے میں،تین دن وقفے کے بعد ایک اور ڈکیتی کی واردات

دینہ(سہیل انجم قریشی سے)دینہ کے نواحی علاقے ڈاکوؤں اور چوروں کے نرغے میں،تین دن وقفے کے بعد ایک اور ڈکیتی کی واردات،صرف پندرہ منٹوں میں5نقاب پوش کار سوارڈاکوؤں نے اسلحے کی نوک پر گاؤں چھنی گجراں تحصیل دینہ کے رہائشی چودھری راشد کے گھر کا صفایا کردیا،لاکھوں کے طلائی زیورات،نقدی اور موبائل فون لے اڑے۔گھر میں موجود قصابوں کو بھی نہ بخشا۔ان کے موبائل فون بھی لے گئے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ منگلا کینٹ تحصیل دینہ آج کل چوروں ڈاکوؤں کے نرغے میں ہے،آئے روز کی وارداتوں نے لوگوں کا سکون چھین لیا ہے گزشتہ رات تحصیل دینہ کے گاؤں چھنی گجراں میں نہر کنارے واقع چودھری راشد علی ولد اللہ داد کے گھر میں پانچ مسلح نوجوان نقاب پوش ڈاکو گھس آئے اور گھر میں موجود چودھری راشد اور اس کی فیملی کو یرغمال بنا لیا۔ڈاکوؤں نے جان سے مارنے کی دھمکی دے کر گھر سے اڑھائی لاکھ روپے کی نقدی،پانچ تولہ سونا مالیتی 15لاکھ روپے اور ہزاروں روپے کے مالیتی قیمتی موبائل فون چھین لئے۔چودھری راشد کے گھر اس وقت بکرا ذبح کرنے والے دو قصاب بھی موجود تھے،ڈاکوؤں نے ان کے موبائل بھی چھین لیئے اور محض 15منٹ کے واردات کے بعد اپنے ساتھ لائی ہوئی سلور کلر کی کار میں رات کے اندھیرے میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے،چودھری راشد کے مطابق چاروں نوجوان ڈاکو تھے ۔نقاب پہنے ہو ئے تھے اور بظاہر پٹھان معلوم ہوتے تھے۔تھانہ منگلا پولیس کینٹ پولیس مقدمہ درج کر کے نامعلوم ڈاکوؤں کی تلاش شروع کر دی ہے یاد رہے تین روز قبل تھانہ منگلا کے علاقے مدوکالس میں منگلا روڈ پر واقع نجی بیکری کے مالک اور اس کے دوستوں کو اسلحے کی نوک پر لوٹ لیا گیا تھا، جن کو تلاش کرنے میں تھانہ منگلا پولیس تاحال ناکام دکھائی دے رہی ہے۔