جہلم (جرار حسین میر سے) ہمارا معاشرہ مجموعی طور پر اس حد تک گر چکا ہے کہ توکل الی اللہ چھوڑ کر ہم نے جو صاحب حیثیت ہیں یا بڑے عہدوں پر فائز ہیں ان لوگوں سے اپنی امیدیں اور توقعات وابستہ کر لی ہیں حالانکہ یہ بہت بڑا جھوٹ اور دھوکہ ہے۔ایک دوسرے کے ساتھ معاونت یا کسی کی ضرورت کو پورا کردینا،حقوق و فرائض کی تقسیم کا احسن طریقے سے ادا کرنا یہ سب تو درست ہے لیکن کلی معنوں میں کسی کی تابع داری اس لیے اختیار کرنا کہ یہ میری فلاں ضرورت پوری کر ے گا ایسا کرنا اپنے آپ کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے۔
امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان کا جمعتہ المبارک کے روز خطاب
انہوں نے کہا کہ اپنی توقعات مخلوق کی بجائے خالق سے وابستہ رکھیں۔جو ضابطے انسانوں نے اپنی پسند کے مطابق بنائے ہیں اس سے انسانیت کو فائدہ کیسے ہوسکتا ہے۔یہ ممکن ہی نہیں کہ اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے بنائے ہوئے اصولوں سے ہٹ کر قوانین اور قاعدے سے دوسرے فلاح اور سکون پا سکیں۔جدت کے نام پر دوسروں کے حقوق کی بات کی جاتی ہے وہاں دکھ اور تکلیف کے ساتھ ساتھ انسانیت کی تذلیل بھی ہو رہی ہوتی ہے۔بھلائی صرف اسی راہ میں ہے جو اللہ کریم نے عطا فرمائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نماز کی ادائیگی میں اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ اس کے تمام ارکا ن مکمل ادا ہو ں اور اللہ کے حکم کی تعمیل میں ادا کی جائے۔توبہ اطاعت الٰہی میں آئے گی اور اپنی بڑائی اور خود کو عبادت گزار نہ سمجھا جائے بلکہ اس کی شرف قبولیت کی دعا کرے۔جب کسی کو حق نصیب ہوتا ہے تو سب سے پہلے اپنی ذات کی نفی ہوتی چلی جاتی ہے۔قائم باالذات صرف اللہ کی ہے باقی سب کچھ اس کے قائم رکھنے سے قائم ہے۔ہر حکم کی تعمیل اللہ اور اللہ کے رسول ﷺ کے ارشادات کے مطابق ہو گی تووہ عمل قابل قبول ہو گا۔دینی اصولوں کا جائزہ لیں تو ہر لحاظ سے چاہے انفرادی ہو یا اجتماعی ان سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔قرآن کریم کا ایک ایک لفظ حق اور سچ ہے دنیا کی زندگی میں سب سے بڑی شہادت عمل ہوتا ہے نبی کریم ﷺ کی اعلان نبوت سے پہلے کی زندگی بھی یہ شہادت دیتی ہے کہ کفار بھی آپ ﷺ کو صادق اور امین پکارتے تھے اور آپ ﷺ کی مبارک زندگی کی تعریف کرنے پر مجبور تھے۔اللہ کریم ہمیں صحیح شعور عطا فرمائیں اور اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق گزارنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ آخر میں انہوں نے ملکی سلامتی اور بقا کی اجتماعی دعا بھی فرمائی۔
0