دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ کے قریب جی ٹی روڈ پر اے این ایف کے 3 اہلکاروں کو شہید کرنے والے2 ملزمان مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ کا نوٹس، ڈی ایس پی صدر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق ڈومیلی موڑ کے قریب اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے تین اہلکاروں کو شہید کرنے والے زیر حراست دو ملزمان تھانہ دینہ کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ملزم قاسم علی اور بلال حیدر کو اسلحہ برآمدگی کے لیے لے کر جایا جارہا تھا کہ دینہ کے علاقہ متیال کے نزدیک زیر حراست ملزمان کو چھڑانے کے لیے ان کے ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس کی حراست میں دونوں ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے دونوں ملزمان گجرات کے رہائشی ہیں، زیر حراست ملزمان کے ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے، جاں بحق ہونے والے دونوں ملزمان کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان نے 12جون کو ڈومیلی موڑ کے قریب اے این ایف کی گاڑی پر فائرنگ کر کے تین اہلکاروں کو شہید کردیا تھا، ملزمان کو ایران جاتے ہوئے گوادر سے گرفتار کیا گیا تھا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صدر پولیس نفری کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے، فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
0