دینہ (رضوان سیٹھی سے) سیکیورٹی گارڈ کی عدم دستیابی کے باعث دینہ پوسٹ آفس سمیت گردو نواح کے پوسٹ آفس نے بجلی اور ٹیلی فون کے بل جمع کرنے بند کر دیے، کئی روز سے بل جمع نہ کرنے پر عوام ذلیل و خوار ہونے لگی دور دراز علاقوں سے لوگ دینہ بینکوں میں بل جمع کروانے کے لیے مجبور ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق فنڈز کی کمی کی وجہ سے دینہ پوسٹ آفس میں پرائیویٹ سیکیورٹی گارڈ ختم ہونے پر پوسٹ آفس دینہ اور گردونواح میں قائم پوسٹ آفس نے کئی روز سے بجلی کے بلز اور ٹیلی فون بلز جمع کرنے بند کر دیے بل وصولی کا عمل رکنے پر شہری اور گردونواح کے لوگ بجلی اور ٹیلی فون کے بل اٹھائے جمع کروانے کے لیے مارے مارے پھر رہے ہیں جس سے مرد خواتین بوڑھے اور دوکاندار حضرات کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بینکوں میں رش ہونے کی وجہ سے بھی بجلی اور ٹیلی فون کے بل جمع کروانے میں دشواری کا سامنا ہے،اس سلسلے میں جب انچارج پوسٹ آفس دینہ جاوید رحمن سے میڈیا نے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے سیکیورٹی گارڈ ز نہ ہونے کی وجہ سے ہم نے عارضی طور پر بجلی اور ٹیلی فون کے بلز جمع کرنے بند کر دیے ہیں کیونکہ چند روز قبل پنڈ دادنخان پوسٹ آفس میں 16لاکھ ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جس کی وجہ سے یہ قدم اٹھانا پڑا امید ہے کہ جلد ہی گارڈز کی بحالی کے بعد دوبارہ بلز کی وصولی کا عمل شروع ہو جائے گا۔
0