0

دینہ گہرا دوست ہی دوست کا قاتل نکلا

دینہ (رضوان سیٹھی سے) قتل کی لرزہ خیز واردات، دینہ کے نواحی علاقہ سے 2ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے 46سالہ شخص کو گہرے دوست نے ہتھوڑے سے وار کر کے قتل کر دیا اور لاش کو گھر کے کمرے میں دفنا دیا، ملزم کی نشاندہی پر لاش کو گھر سے برآمد کر کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل دینہ کے نواحی علاقہ تھانہ منگلا کی حدود جسروٹہ کا رہائشی افتخار الحسن شاہ جو کہ 9مئی کو اچانک لاپتہ ہوگیا تھا اسکی لاش جہلم کے تھانہ کالا گوجراں کے علاقہ حسن آباد کے ایک گھر سے برآمد کر لی گئی ہے جسے اس کے اپنے ہی دوست نے ہی قتل کیا ہے،پولیس کے مطابق یہ اندھی قتل کی واردات تھی، تھانہ منگلا کینٹ کے سب انسپکٹر اللہ دتہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ یہ کامیابی حاصل کی ہے، سب انسپکٹر اللہ دتہ کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالرحمٰن اور مقتول افتخار الحسن شاہ دونوں کی دوستی تھی اور ملزم کو شک تھا کہ اسکے اپنے مقتول دوست افتخار نے اس کے متعلق پولیس کو مخبری کی ہے، ملزم نے دوست افتخار کو بہانے سے اپنے گھر بلایا اور ہتھوڑے سے وار کر کے قتل کیا اور لاش اپنے گھر میں گڑھا کھود کردفنا دی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو سائنٹیفک بنیادوں پر ٹریس کر کے گرفتار کیا اور اور دوران تفتیش ملزم نے قتل کے جرم کا اعتراف کر لیا، ملزم کی نشاندہی پر لاش کو نکال کر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، منگلا پولیس کی جانب سے ملزم سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔