دینہ (رضوان سیٹھی سے) دینہ کی آبی گزرگاہ پر قبضہ مافیا کا قبضہ، غیر قانونی حویلیاں اور مکان تعمیر، آبی گزرگاہ مکمل طور پر بند،میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ اور سرکاری افسران کی آشیرباد سے دینہ کی آبی گزرگاہ پر قبضہ مافیا نے قبضہ کر لیا، چند سال قبل سیلابی پانی سے گرنے والے پل کے سامنے غیر قانونی تعمیرات، مافیا نے غیرقانونی حویلیاں اور مکان تعمیر کر لیے، بارش کے دنوں میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ، اہل علاقہ کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق دینہ میں قبضہ مافیا آبی گزرگاہوں پر بھی قبضے کرنے لگا، میونسپل کمیٹی دینہ کی انتظامیہ اور سرکاری افسران کی آشیرباد سے دینہ شہر کے قریب جی ٹی روڈ پر سیلابی پانی سے ٹوٹنے والے پل کے سامنے حبیب کالونی اور میاں کالونی کے درمیان آبی گزرگاہ پر بااثر قبضہ مافیا نے غیرقانونی حویلیاں، مکان اور ڈیرے تعمیر کر لئے تاکہ سادہ لوح افراد کو فروخت کر سکیں،بارش کے دنوں اور ساون کے موسم میں غیرقانونی طور پر تعمیر کیے گئے تمام تر مکان اور حویلیاں پانی میں ڈوب جاتے ہیں جس سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ رہتا ہے، یاد رہے کہ تجاوزات اور قبضہ مافیا کی وجہ سے چند سال قبل شدید بارشوں کے دوران سیلابی پانی سے جی ٹی روڈ دینہ پر قائم پل پانی میں بہہ گیا تھا جس کی وجہ سے بچوں سمیت 6 افراد کی قیمتی جانیں بھی ضائع ہوئی تھیں، اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بااثر قبضہ مافیا نے چند سرکاری افرادسے ملی بھگت کر کے آبی گزرگاہ پر تعمیرات کر لی ہیں اور بارش کے موسم میں ایک اور سانحہ کا خدشہ ہے، اہل علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور آبی گزرگاہ کی جگہ پیمائش کر کے غیرقانونی تعمیرات کو ختم کر کے قبضہ مافیا اور ان کے سہولت کاروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
0