0

گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ میں اینول رزلٹ ڈے کے موقع پر شاندار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد


دینہ(سہیل انجم قریشی سے)گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ میں اینول رزلٹ ڈے کے موقع پر شاندار تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول دینہ میں اینول رزلٹ ڈے کے موقع پر شاندار تقسیم انعامات تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک و نعت خوانی سے کیا گیا۔والدین کی بڑی تعداد کے علاوہ سابق ای ڈی او مسعود الحسن نے بھی خصوصی شرکت کی۔اسکول کی تاریخ میں پہلی بار اتنے بڑے پیمانے پر شاندار تقریب کے انعقاد پر والدین اور اسکول سٹاف نے پرنسپل ادارہ احمد بخش چوہدری کو خراج تحسین پیش کیا۔نمایاں پوزیشن لینےوالے طلبہ میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے۔پرنسپل ادارہ کی آمد پر اساتذہ ، طلبہ اور والدین نے کھڑے ہو کر تالیوں کی گونج میں ان کا استقبال کیا۔یقینا بہت کم وقت میں ان کی بے پناہ خدمات اور شب و روز کی محنت کا اعتراف ہے۔انہوں نے دن رات کام کیا اور اسکول کا نقشہ ہی بدل کر رکھ دیا۔محکمہ تعلیم کے افسران بھی پرنسپل ادارہ احمد بخش چوہدری کی خدمات اور ان کی قاعدانہ صلاحیتوں کے معترف ہیں۔سابق ای ڈی او مسعود الحسن اور والدین نے ان کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ والدین کے لئے میرے دفتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لئے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر اپنے اسٹاف کے بھرپور تعاون پر ان کا بے حد شکریہ ادا کیا۔والدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول دینہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ اس عظیم مادر علمی سے علم حاصل کرنے والے ہزاروں طالب علم اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔حال ہی میں اسکول کے 2 ہونہار سابق طلباء کو صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔اساتذہ نے بڑے خلوص کے ساتھ علم کی روشنی کو عام کرنے میں اپنی عمریں صرف کر دیں اور ان سے ہزاروں طالب علموں نے فیض حاصل کیا۔اس موقع پر اساتذہ کرام کا کہنا تھا کہ نئی نسل محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کرے۔اگر طالب علم محنت اور لگن کو اپنا مشن بنا لے تو غربت اور وسائل کی کمی کسی فرد کی کامیابی کے آ گے رکاوٹ نہیں بن سکتی۔سرکاری سکولوں سے پڑھنے والے طالب علم محنت سے مقام حاصل کر کے اندرون اور بیرون ملک خدمات انجام دے رہے ہیں۔