0

2024 کو عام انتخابات کے انعقاد کا بگل بجنے کے ساتھ ہی ضلع جہلم کی سیاست میں نئی ہلچل مچ گئی

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے انعقاد کا بگل بجنے کے ساتھ ہی ضلع جہلم کی سیاست میں نئی ہلچل مچ گئی، یونین کونسل لیول پر شہر کی سیاست نے کروٹ لینا شروع کردی ہے اس وقت جہاں سیاسی جماعتوں کا ہر متوقع امیدوار پارٹی ٹکٹ کیلئے جوڑ توڑ میں سرگرم ہے وہیں اپنے اپنے قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی صف بندی میں بھی مگن دکھائی دیتے ہیں ہر متوقع امیدوار کی جانب سے نئی نئی حکمت عملی ترتیب دی جا رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ این اے 60 کے صوبائی حلقہ پی پی 25 اور پی پی26 دونوں کو ملا کر اب 1صوبائی حلقہ بنا دیا گیا ہے۔ اس حلقے میں 2013 میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے راجہ اویس خالد منتخب ہوئے جبکہ حلقہ پی پی 26 سے مہر محمد فیاض جو کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار تھے کامیاب ہوئے لیکن 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار راجہ یاور کمال جبکہ حلقہ پی پی 26 سے چوہدری ظفر اقبال کامیابیاں سمیٹ چکے ہیں۔ این اے حلقہ 61 کی صوبائی اسمبلی کی نشست سابق وفاقی وزیر فواد حسین چوہدری نے حاصل کی لیکن ضمنی الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی ناصر لِلہ چند سو ووٹوں کے ساتھ کامیاب ہو گئے۔ موجودہ امیدواروں میں مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست میں بلال اظہر کیانی، چوہدری ندیم خادم، چوہدری فرخ الطاف جبکہ صوبائی اسمبلی کے لئے راجہ اویس خالد، مہر محمد فیاض،چوہدری سعید اقبال حلقہ این سے 61 میں نوابزادہ مطلوب مہدی،عابد اشرف جوتانہ، راجہ افتخار شہزاد، حاجی ناصر لِلہ، کرنل (ر)زاہد شیرازی، تیمور نواز جٹ سمیت دیگر متوقع امیدوار ہیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کو جہلم لِلہ ڈیول کیرج وے جلالپور شریف کندوال نہر، ٹوبہ ٹراما سینٹر، جہلم ٹراما سینٹر کے ترقیاتی کام بند ہونے کیوجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم ضلع بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے کوئی سرگرمی دکھائی نہیں دیتی، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواران بھی خاموش دکھائی دیتے ہیں۔ نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کا بھی ضلع بھر میں کہیں نام و نشان نظر نہیں آتا۔الیکشن کے اعلان کے بعد سیاسی جماعتوں کے قائدین نے اپنے ڈیروں کے دروازے ووٹرز کے لئے کھول رکھے ہیں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین شادی بیاہ، نماز جنازہ میں شرکت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں انتخابی سرگرمیاں آہستہ آہستہ شروع ہوتی دکھائی دیتی ہیں۔لیکن ووٹرز میں وہ جوش و خروش دیکھنے میں نہیں آرہا جو اس سے قبل عام انتخابات کے موقع پر دیکھنے میں آتا تھا۔