0

کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور آر پی او راولپنڈی کی جہلم کے دورے کے دوران ضلعی امن کمیٹی ممبران سے ملاقات

دینہ(سہیل انجم قریشی سے)کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ اور آر پی او راولپنڈی سید خرم علی نے جہلم کے دورے کے دوران ضلعی امن کمیٹی ممبران سے ملاقات کی۔ امن کمیٹی کی جانب سے ممبران حافظ عبد الحمید عامر، قاری عمر فاروق، سید باقر علی شاہ، سید یاسر قریشی، حافظ اظہر اقبال، حافظ ظفر اقبال، قاری عبد الباسط، ارشد نظام اور دیگر نے کمشنر راولپنڈی اور آر پی او کی جانب سے محرم الحرام میں امن و امان قائم رکھنے اور فرقہ ورانہ ہم آہنگی کو قائم رکھنے کے لیے کوششوں پر اظہار تشکر کیا اور اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او ناصر محمود باجوہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامی و سیکیورٹی اقدامات کو انتہائی تسلی بخش قرار دیا۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے امن کمیٹی کے اراکین کے تعاون اور رہنمائی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ آپ کے بھر پور تعاون کی وجہ سے ہی امن و امان برقرار رکھنے میں کامیاب ہوتی ہے محرم الحرام ہر مسلمان کے لئے عقیدت و احترام کا مہینہ ہے، ہمیں باہمی اخوت و بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنا چاہیے۔ علماء کرام نے اس موقع پر امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جس پر کمشنر راولپنڈی اور آر پی او نے ضلعی انتظامیہ کو مکمل عمل درآمد کروانے کے ہدایات جاری کیں۔ بعدازاں کمشنر راولپنڈی اور آر پی او نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او ناصر محمود باجوہ کے ہمراہ امام بارگاہ جعفریہ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے موقع پر انتظامات اور جلوسوں کی ترتیب کا جائزہ لیتے ہوئے بہتر سے بہتر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔