0

ترکیہ اور مصر کا 10 سال سے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق

ترکیہ اور مصر کا 10 سال سے منقطع سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق
ترکیہ کے نو منتخب صدر طیب اردوان نے مصر کے صدر عبدالفتح السیسی سے ٹیلی فونک گفتگو میں دہائی سے معطل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طیب اردوان کے مسلسل دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے ترکیہ کے صدر کو ٹیلی فون کیا اور مبارک باد دی جس پر ترک صدر نے اپنے ہم منصب کا شکر ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دہائی سے منقطع سفارتی تعلقات کی فوری بحالی اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا۔

یاد رہے کہ مصر اور ترکیہ کے درمیان سفارتی تعلقات 2013 میں منقطع ہوگئے تھے۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیروں کو ملک بدر کردیا تھا اور تب سے سفارتی تعلقات منقطع تھے۔

تاہم گزشتہ چند ماہ سے دونوں ممالک کے درمیان بیک ڈور مذاکرات جاری تھے اور گزشتہ ماہ مصر کے وزیر خارجہ سمیع شوکری ترکیہ کے دورے پر آئے تھے اور اپنے ترک ہم منصب میولوت چاؤش اوغلو سے ملاقات کی تھی۔

اس ملاقات میں سفارتی تعلقات میں کی بحالی کے لیے ٹائم فریم پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات کے لیے حکمت عملی بنائی گئی تھی۔