عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج اور ان کے اہل خانہ کی رجسٹریشن کے لیے درخواستیں ایپ نسک حج کے ذریعے وصول کرنا شروع کردیں۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایشیا، افریقا، یورپ، شمالی امریکا، جنوبی امریکا اور اوشیانا کے براعظموں کے عازمین ’’نسک حج‘‘ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے یہ ہدایت بھی کہ ہے کہ حج کی رجسٹریشن کے بارے میں مزید تفصیلات hajj.nusuk.sa کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
عازمین ایک ای میل ایڈریس کے ساتھ اپنا ذاتی اکاؤنٹ بنانے کے بعد ویب سائٹ کے ذریعے اپنے نام درج کر سکتے ہیں اور فراہم کردہ فہرست سے اپنے ملک کا نام منتخب کرسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ نسک حج ایک ون اسٹاپ شاپ پلیٹ فارم ہے، جس کی نگرانی وزارت حج و عمرہ کرتی ہے۔ یہ حجاج کرام کو مختلف قسم کے حج پیکجزکی پیش کش کرتا ہے جو یہ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے پیش کیے جاتے ہیں۔
گزشتہ برس ہونے والا حج کورونا وبا کے بعد پہلا حج تھا جس میں دو سال کے وقفے کے بعد بیرون ملک سے حاجیوں کو آنے کی اجازت دی گئی تھی اور 18 لاکھ 45 ہزار سے زائد عازمین حج نے فریضہ ادا کیا تھا جن میں 16 لاکھ اور 60 ہزار 900 سے زائد حاجی بیرون ملک سے سعودی عرب پہنچے تھے۔