0

سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ جناح ہاؤس پر ایسا کچھ ہوسکتا ہے: جہانگیر ترین

سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین
سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ساری زندگی پاکستان میں گزاری، سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ جناح ہاؤس پر ایسا کچھ ہوسکتا ہے، قومی اثاثے کے ساتھ جنہوں نے ایسا کیا ان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہئے، ذوالفقارعلی بھٹو کو سزا ہوئی، بینظیر کو شہید کردیا گیا، نواز شریف اور مریم گرفتار ہوئے، کسی نے…

عمران خان کے پرانے ساتھی اور سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین نے لاہور میں جناح ہاؤس کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر عون چوہدری، فیصل حیات جبوانہ اور اسحاق خاکوانی بھی موجود تھے۔

پی ٹی آئی کارکنوں کے حملے کا نشانہ بننے والے جناح ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تشدد کی سیاست پر پابندی ہونی چاہئے، ہم نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا اور دیکھا یہاں کیا کیا گیا، افسوس سے زیادہ دکھ ہے جنہوں نے جناح ہاؤس کا یہ حال کیا انہیں کیفر کردات تک پہنچانا چاہئے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ 10 سال گزارے، اتنا وقت اس لئے دیا کہ ملک کو بہتر بنایا جاسکے، جتنی جدوجہد کی ایسا کوئی تشدد کا واقعہ پیش نہیں آیا، ذوالفقار علی بھٹو کو سزا ہوئی، بینظیر کو شہید کردیا گیا، نواز شریف اور مریم نواز گرفتار ہوئے کسی نے ایسا سوچا نہ کیا۔

جہانگیر ترین نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہئے، عمران خان سے دو سال پہلے دوستی ختم ہوگئی، حملہ کرنے والے تحریک انصاف کے کارکن تھے۔

اس سوال کے جواب پر کہ کیا آپ نئی جماعت بنانے جا رہے ہیں پر جہانگیر ترین پہلے مسکرائے اور پھر کہا کہ سیاسی باتیں کرنے کا موقع نہیں۔ تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔