پنڈ دادن خان (بیورو چیف ملک ظہیر اعوان)
صدر پریس کلب رجسٹرڈ پنڈ دادن خان و بیورو چیف روزنامہ اوصاف پنڈ دادن خان ملک ظہیر اعوان کو خراج تحسین و مبارک باد پیش کرتے ہیں کیونکہ وہ قلم کی حرمت کو پہچاننے والے، سچ کی شمع کو اندھیروں میں بھی روشن رکھنے والے، اور ظلم کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جانے والے انسان ہیں اس لیے آج ہم انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ملک ظہیر اعوان صرف ایک صحافی نہیں، ایک آواز ہیں. وہ آواز جو مظلوم کے دل کی دھڑکن ہے، جو تھل کے غریب اور پسے ہوئے طبقے کی امید ہے، جو جبر کے ہر دروازے پر حق کا نعرہ لگا کر گونجتی ہے۔ تحصیل پنڈ دادن خان کا کون سا ایسا مسئلہ ہے، کون سی محرومی کا ایسا پہلو ہے، جو آپ کی مثبت اور جرأت مندانہ رپورٹنگ سے اجاگر نہ ہوا ہو؟
آپ نے ثابت کیا کہ صحافت صرف خبر دینا نہیں، بلکہ حق کے لیے لڑنا، سچائی کے ساتھ جینا اور مظلوم کا ساتھ دینا ہے۔ روزنامہ اوصاف اور اے بی این نیوز کی جانب سے آپ کو دیا گیا حسن کارکردگی ایوارڈ دراصل ایک علامت ہے اس عزم کی، اس جدوجہد کی، جو آپ برسوں سے کر رہے ہیں۔
لیکن ہم جانتے ہیں کہ آپ کے اصل ایوارڈ وہ محبت ہے جو عوام نے اپنے دلوں میں آپ کے لیے بسائی۔ وہ دعائیں ہیں جو مظلوموں کی زبان پر آپ کے لیے ہیں۔ وہ اعتبار ہے جو ہر کمزور آپ پر کرتا ہے۔ ملک ظہیرا عوان کا یہ کہنا کہ “یہ ایوارڈ میں اپنے ان دوستوں اور مظلوموں کے نام کرتا ہوں جنہوں نے سچ کا ساتھ دیا”، درحقیقت آپ کے اعلیٰ کردار اور عاجزی کی عکاسی کرتا ہے۔ان خیالات کا اظہارتحصیل پریس کلب رجسٹرڈ پنڈ دادن خان کے اراکین امجد اقبال،چوہدری نڈر حسین رانجھا ،راجہ ظفر اقبال للہ اور ملک ادریس کندوال نے کیا انہوں نے کہا کہ ہم دل کی گہرائیوں سے انھیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ملک ظہیرا عوان جیسے لوگ معاشرے کا فخر ہیں۔ ہم دعا گو ہیں کہ رب کریم آپ کی زبان کو حق کہنے کی توفیق، قلم کو عدل لکھنے کی ہمت اور قدموں کو مظلوموں کی راہ میں استقامت عطا فرمائے۔ روایتوں کو روشن رکھنا، شب ظلمت کو چیرنا، سحر کی امید جگانا ، یہی اصل صحافت، اور یہی آپ کی پہچان ہے
