0

پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور زخمیوں کی تفصیلات کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا

اسلام آباد( اے بی این نیوز        )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 24 سے 27 نومبر 2024 کے دوران اسلام آباد میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور زخمیوں کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سری نگر ہائی وے، زیرو پوائنٹ، ڈی چوک، بلیو ایریا اور 26 نمبر چونگی سمیت مختلف مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج فراہم کی جائے تاکہ نامعلوم اسنائپرز اور شوٹرز کی شناخت ممکن ہو سکے۔

درخواست میں مزید استدعا کی گئی ہے کہ احتجاج کے دوران زخمی ہونے والے افراد کے نام، تعداد، فراہم کردہ علاج اور دیگر تفصیلات فراہم کی جائیں۔ اسی طرح، جاں بحق ہونے والوں کے نام، اموات کی وجوہات، اور ان کی پوسٹ مارٹم و میڈیکل لیگل رپورٹس کی نقول بھی درخواست گزار کو دی جائیں۔

پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کردہ اس درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ زخمیوں اور جاں بحق ہونے والوں کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے افراد کو غیر قانونی حراست میں لے لیا جاتا ہے یا انہیں جھوٹے مقدمات کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹس اور دیگر شواہد قانونی طریقے سے حاصل کرنے کی کوشش کی گئی، مگر تمام کوششیں ناکام رہیں۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت اور سرکاری اداروں سے معلومات حاصل کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اور یہ تفصیلات فراہم نہ کرنا غیر آئینی اقدام کے مترادف ہوگا۔یہ درخواست پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم، جس میں لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ، عنصر کیانی اور صہیب الیاس ایڈووکیٹ شامل ہیں، کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز، ایگزیکٹو ڈائریکٹر پولی کلینک، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سی ڈی اے اسپتال، اور ڈی جی سیف سٹی اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں  :89 فیصد والدین بچوں کو مصروف رکھنے کے لیے سمارٹ فونز، ٹیبلیٹس یا آن لائن گیمنگ کی سہولت مہیا کرتے ہیں،کیسپرسکی سروے

The post پی ٹی آئی نے احتجاجی مظاہروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور زخمیوں کی تفصیلات کے حصول کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا appeared first on ABN News.