0

منہاج پبلک گرلز ہائی سکول پنن وال کی طالبات نے پورے راولپنڈی ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پنن وال اور پورے علاقے کا نام روشن کر دیا

پنڈدادنخان (ملک ظہیر اعوان)منہاج پبلک گرلز ہائی سکول پنن وال کی طالبات نے پورے راولپنڈی ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے پنن وال اور پورے علاقے کا نام روشن کر دیا۔ ڈویژن لیول کے مقابلہ جات میں پرائمری سطح کے تقریری مقابلہ میں منہاج پبلک گرلز ہائی سکول پنن وال کی طالبہ عیشال زینب نے پورے راولپنڈی ڈویژن میں پہلی پوزیشن حاصل کی
مڈل لیول کے تقریری مقابلہ جات میں طیبہ بتول نے ڈویژن بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے اپنے سکول کا نام روشن کر دیا۔اتنی بڑی کامیابی پر سکول ڈائریکٹر ذوالفقار علی چشتی نے پرنسپل اور تمام سٹاف کو مبارکباد پیش کی۔اور کہا کہ ہم اتنی بڑی کامیابی پر اللہ اور اس کے حبیب کا شکر ادا کرتے ہیں۔سکول کا یہ اعزاز ہے کہ جہاں اس ادارے نے تعلیم کی میدان میں کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ ے ہیں وہاں پر غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی کامیابی حاصل کرکے یہ بتا دیا ہے کہ منہاج پبلک گرلز ہائی سکول پننوال کے سٹوڈنٹس کسی سے پیچھے نہیں۔ اس موقع پر علاقے کے معززین اور والدین نے ڈائریکٹر ذوالفقار علی چشتی کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ اپ نے تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اتنی کامیابیاں حاصل کر کے یہ ثابت کر دیا کہ منہاج پبلک گرلز ہائی سکول پنن وال میں تعلیم کے ساتھ بچوں کی صلاحیتوں کو بھی نکھارا جاتا ہے تاکہ مستقبل میں وہ زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہو سکیں۔والدین اور معززین نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ پنن وال کی سر زمین پر یہ ادارہ اللہ کی طرف سے ایک انعام ہے کہ جس کی وجہ سے ہر طبقے کا بچہ اس ادارے میں اپنی صلاحیتوں کو نکھار رہا ہے کیونکہ اس ادارے کے سربراہ ذوالفقار علی نے اس کو کاروبار نہیں بنایا بلکہ اس کو عبادت سمجھ کر سرانجام دیا یہی وجہ ہے کہ اج تک یہ کامیابیوں کی منازل طے کر رہا ہے ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ اللہ اس ادارے کو اسی طرح سلامت رکھے تاکہ ہم سب کے بچے یہاں پر تعلیم و تربیت کے ساتھ وہ سب کچھ سیکھ سکیں جس سے وہ اپنے کردار اور صلاحیتوں کو نکھار سکیں تاکہ زندگی کے ہر میدان میں اگے بڑھ سکیں۔