0

جہلم ملاوٹ شدہ مضر صحت دودھ، دہی سرعام فروخت ہونے لگا

جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری مہربان حسین)جہلم شہر و گردو نواح میں کیمیکل سے تیار کردہ ملاوٹ شدہ مضر صحت دودھ، دہی سرعام فروخت ہونے لگا، جان لیوا کیمیکل سمیت دیگر مضر صحت اشیاء سے تیار کردہ مصنوعی دودھ، دہی کے استعمال سے شہری بالخصوص معصوم بچے موذی امراض میں مبتلا ہونے لگے، شیر خوار بچوں کی صحت پر زہر یلے دودھ کے تباہ کن اثرات مرتب ہونے سے بچوں کے والدین نے شدید تحفظات اور پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق شہرو گردو نواح کے علاقوں میں ملاوٹ مافیا نے مبینہ طور پر جان لیوا کیمیکل جن میں بال صفا پاؤڈر، یوریا کھاد وغیرہ زہریلے کیمیکل سے تیار کردہ مصنوعی دودھ کی سرعام فروخت شروع کر رکھی ہے جبکہ مصنوعی دودھ بنانے کے لیے خشک دودھ، سنگھاڑے کا پاؤڈر اور دیگر مضر صحت کیمیکل بھی استعمال کئے جاتے ہیں اور تھوڑی سی مقدار میں خالص دودھ ڈال کر زیادہ مقدار میں دودھ تیار کر کے شہریوں میں فروخت کر کے سرعام انسانی صحت کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے اور دودھ استعمال کرنے والے معصوم کم سن بچوں کی صحت پر بھی مضر صحت دودھ کے استعمال سے تباہ کن اثرات مرتب ہو رہے ہیں، عوامی سماجی حلقوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے سنگین صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔