0

آئیسکو سرکل جہلم کی جانب سے اووربلنگ نے زمینداروں اور صارفین کی چیخیں نکلوادیں

جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصر محمود)جہلم آئیسکو سرکل جہلم کی جانب سے اووربلنگ نے زمینداروں اور صارفین کی چیخیں نکلوادیں۔آئیسکو سرکل جہلم کے ریونیو دفاتر میں بلز کی درستگی کروانے والے صارفین کی لمبی لائنیں۔ اووربلنگ میٹر ریڈرز نے متعلقہ افسران کی خوشنودی حاصل کرنے کی غرض سے کی۔ زرعی، کمرشل اور گھریلو صارفین کو سینکڑوں سے زائد یونٹس ڈال کر بجلی کے بلز جان بوجھ کرآخری تاریخوں میں محض ایک دن قبل تقسیم کروائے جاتے رہے ہیں جس پر صارفین آئیسکو سرکل جہلم کے افسران کی چیرہ دستیوں اور زائد یونٹس ڈالے جانے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ صارفین کا کہنا تھا کہ انہیں ہر ماہ سینکڑوں سے زائد بوگس یونٹس ڈال کرہزاروں لاکھوں میں بلز بھجوائے جارہے ہیں اس سلسلہ میں آئیسکو سرکل جہلم کے افسران صارفین کو مطمئن کرنے یا اصل حقائق سے آگاہ کرنے کی بجائے مکمل خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جو آئیسکو سرکل جہلم کے افسران کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے۔ دوسری جانب صارفین نے آئیسکو چیف اسلام آباد، وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، ڈپٹی ڈائریکٹر نارتھ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد سے آئیسکو سرکل جہلم کے صارفین کے ساتھ ہونے والی ظلم وزیادتی کا نوٹس لینے اور متعلقہ ذمہ داران کو برخاست کرنے اور صارفین سے وصول کی گئی اضافی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیاہے۔