جہلم(چوہدری عابد محمود +شیخ زلفی)جہلم عیدالفطر کے قریب آتے ہی شہرکے بڑے اور چھوٹے بازاروں میں جیولری، چوڑیاں اور مہندی فروخت کرنے کے درجنوں سٹالز سج گئے، خواتین اور لڑکیاں بڑی خوشی سے کپڑوں سے میچنگ کرنے والی رنگ برنگی چوڑیاں بھی خریدنے کیلئے بازار پہنچ رہی ہیں دکانداروں نے اپنی اپنی دکانوں پر مختلف انداز میں شوکیس میں چوڑیاں سجا رکھی ہوتی ہیں جن پر رنگ برنگ کے کاغذ چڑھائے ہوتے ہیں، تا کہ زیادہ خوبصورت نظر آئیں اور زیادہ سے زیادہ فروخت ہو، جہلم پریس کلب کے رپورٹ کے مطابق عام دنوں میں چوڑیاں 50 روپے درجن فروخت ہوتی تھی جبکہ عید کا تہوار قریب آتے ہی اس کی قیمت میں دو گنا اضافہ کر دیا گیا ہے اس وقت مارکیٹ میں سادی چوڑیاں 100روپے درجن سے لے کر 250 سے 300 روپے درجن تک فروخت کی جا رہی ہیں، اگر فینسی چوڑیوں کا سیٹ خریدا جائے تو اس کی قیمت بہت زیادہ ہوتی ہے، عیدالفطر پر خواتین بڑے شوق سے کپڑوں کے ساتھ میچنگ والی جیولری بھی خریدتی دکھائی دیتی ہیں، اس وقت مارکیٹ میں جو جیولری فروخت ہو رہی وہ زیادہ تر چائنہ سے تیار ہو کر آ رہی ہے، انگوٹھی 30/40 روپے سے شروع ہوتی ہے اور ہزاروں تک اس کی قیمت وصول کی جاتی ہے، اسی طرح ہار سیٹ، بالیاں بھی مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں، عید کے موقع پر دکاندار بھی خوب مال سمیٹ رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق عید پر اگر خواتین چوڑیاں ہار سنگھار اور مہندی نہ لگا ئیں تو یہ میٹھی عید بھی پھیکی تصور کی جاتی ہے، عید الفطر کے موقع پر دکانداروں کی جانب سے خود ساختہ مہنگائی کیوجہ سے عام صارف پریشان دکھائی دیتا ہے۔
0