0

لندن: وزیراعظم کی قائد ن لیگ نوازشریف سے طویل ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف اور میاں نوازشریف
وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف سے ڈھائی گھنٹے طویل ملاقات کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کا علاج ہو رہا ہے اور الحمد اللہ وہ ٹھیک ہیں۔

ملاقات کے بعد بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کا اتوارکی صبح لندن سے دبئی پہنچنے کا امکان ہے، وہ تین سے چار دن وہاں قیام کریں گے جبکہ بعد ازاں حج کی ادائیگی کیلئے دبئی سے سعودی عرب بھی جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز بھی آج لاہور سے روانہ ہوں گی، وہ والد کے ساتھ حج ادا کریں گی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے حوالے سے کانفرنس میں منیجنگ ڈائریکٹر عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے ملاقات خوش گوار رہی، انہیں بتایا ہے کہ پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کا پروگرام آئی ایم ایف کے بورڈ میں جا کر منظور ہونا چاہیے، پاکستانی ٹیم کی قیادت اسحاق ڈار کریں گے ، میرا بھی ان سے رابطہ ہے ۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی لندن میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد الجاسر سے بھی ملاقات ہوئی۔

وزیراعظم نے ماحولیات دوست پاکستان کانفرنس میں شرکت پر ڈاکٹر الجاسر کا شکریہ ادا کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی بحالی میں معاونت کیلئے اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر فراہمی کے اعلان کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر محمد الجاسر کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف فرانس کے دارالحکومت پیرس سے برطانیہ پہنچے تھے، انہوں نے فرانس کا دو روزہ دورہ کیا جہاں نئے عالمی مالیاتی معاہدے کے سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کئی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں