0

سیاسی مقاصد کیلئے ملک کی عزت و وقار کو داؤ پر نہ لگائیں: خواجہ آصف

خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سیاسی مقاصد کے لیے ملک کی عزت و وقار کو داؤ پر نہ لگائیں، آپ لوگ جا رہے ہیں کوئی ورثہ چھوڑ جائیں تا کہ لوگ آپ کو اچھے الفاظ میں یاد کریں۔

قومی اسمبلی اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آپ عدل کی سب سے بڑی کرسی پر بیٹھے ہیں، یہ نہ ہو کہ آپ قصہ پارینہ بن جائیں اور تاریخ آپ کو ڈیلیٹ کردے۔

انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹس میں سویلین کے ٹرائل کا معاملہ عدالت عظمیٰ لے جایا گیا ہے، سابق دورِ حکومت میں 24 سے25 لوگوں کو فوجی عدالتوں نے سزائیں سنائی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی علم ہوا کہ ملٹری کورٹس میں ٹرائل سے متعلق درخواست پر سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا ہے، اس کے نتائج آج یا کل سامنے آ جائیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ معاملہ اٹھایا ہے ان کے سیاسی مفادات ہیں، درخواست گزاروں کے اپنی اپنی جماعتوں کے ساتھ تحفظات ہیں۔

وزیرِ دفاع نے کہا کہ جن لوگوں کے خلاف ملٹری کورٹس میں ٹرائلز ہو رہے ہیں ان جیسے جرائم ہماری تاریخ میں نہیں ملتے اور ریاست ایسے جرائم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔

انہوں نے کہا کہ شہیدوں کی نشانیوں کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا وہ سب نے دیکھا، ایک شہید کے جسدِ خاکی کو تو ہمارے دشمن نے بھی عزت کے ساتھ ہمارے حوالے کیا تھا مگر ان لوگوں نے اس شہید کے مجسمے کے ساتھ کیا سلوک کیا۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں