0

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا یو سی الیکشن لڑنے کا اعلان

مرتضیٰ وہاب
کراچی کے نومنتخب میئر اور پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ آئندہ 10 روز کے اندر میں اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ ہم دونوں کسی ایک یونین کمیٹی سے بطور چیئرمین منتخب ہوکر قانونی تقاضہ پورا کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہماری کام کی نیت بھی ہے اور ان شا االلہ آپ سب کو کراچی میں کام ہوتا نظر بھی آئے گا، تنقید کا جواب تنقید سے نہیں دیں گے بلکہ کام کرکے دکھائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایسا نظام حکومت لے کر آئے گی کہ صاف شفاف طریقے سے ہم چیزوں پر عمل پیرا ہوسکیں گے اور لوگوں کو وہ بہتری نظر آئے گی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ آئندہ 10 روز کے اندر میں اور ڈپٹی میئر سلمان عبداللہ ہم دونوں کسی ایک یونین کمیٹی سے بطور چیئرمین منتخب ہوکر قانونی تقاضہ پورا کریں گے، ہم 6 مہینے کا پورا وقت استعمال نہیں کریں گے بلکہ 10 روز کے اندر ہی اعلان کردیں گے کہ ہم دونوں کس یونین کمیٹی سے الیکش لڑ رہے ہیں اور الیکشن کمیشن سے توقع کریں گے کہ جلد از جلد اس پر انتخابات کروا دیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ہم منتخب نہیں ہیں حالانکہ ہمیں کونسل کے منتخب اراکین کی اکثیرت نے منتخب کیا ہے، قانون کے مطابق پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے درمیان مقابلہ ہوا اور پیپلزپارٹی اس معرکے میں کامیاب ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ شہر کے بلدیاتی مسائل حل کرنا ہماری ترجیح ہوگی، ہمارے شہر میں تعاون کا فقدان ہے، یہ ایک بےہنگم شہر بن گیا ہے، وال چاکنگ سمیت دیگر مسائل پر توجہ دی جائے گی۔

میئر کراچی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح بارش کے سبب پیدا ہونے والے مسائل حل کرنا ہے، نالوں کی صفائی یقینی بنائیں گے، جہاں جہاں ضرورت ہوگی وہاں نئے نالے تعمیر کیے جائیں گے، ہم نے 10 روز قبل ہی نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا ہے، 4 ماہ میں یہ عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں