0

آرمی چیف کا معاشی بحالی کے حکومتی پلان پر عملدآمد کی بھرپور حمایت کا اعلان

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر
پاکستان کی معاشی بحالی کا قومی پلان تیار، اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کر دی گئی، یہ کونسل غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرے گی۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کونسل کا پہلا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں آرمی چیف، صوبوں کے وزرائے اعلٰی، وفاقی و صوبائی وزراء سمیت اعلٰی…

اعلامیے کے مطابق پاکستان کی معاشی بحالی کے قومی پلان کا مقصد ملک کو موجودہ معاشی مسائل اور بحرانوں سے نجات دلانا ہے، پلان کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کی جائے گی، زراعت، لائیو اسٹاک، معدنیات، کان کنی ، آئی ٹی، اور توانائی جیسے شعبوں کی صلاحیت سے استفادہ کیا جائے گا۔

منصوبے کے تحت سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں حائل تمام رکاوٹیں دور کی جائیں گی، کونسل سنگل ونڈو کی سہولت کا کردار ادا کرے گی، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان اشتراک عمل پیدا کیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کو ورثے میں تباہی کے دہانے پر کھڑی معیشت ملی، مشکل اور دلیرانہ فیصلوں سے معیشت کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی طرف واپس لا رہے ہیں، ابھی بہت بڑے چیلنجز ہیں، برآمدات بڑھانے والی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو اولین ترجیح دی جائے گی، وفاق اور صوبوں کے اشتراک عمل سے منصوبوں کی منظوری کا عمل تیز بنایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ متوقع سرمایہ کاری سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، نوجوانوں اور خواتین کو روزگار ملے گا، آئیں مل کر اپنی بھرپور صلاحیتوں سے کام کرنے کا عزم کریں ،اپنی توجہ بھٹکنے نہ دیں۔

اجلاس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا تھا پاک فوج معاشی بحالی کے حکومتی پلان پر عمل درآمد کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور اسے پاکستان کی سماجی و معاشی خوش حالی، اقوام عالم میں اپنا جائز مقام واپس حاصل حاصل کرنے کی بنیاد سمجھتی ہے۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں