0

حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ٹی ایل پی رہنماء کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کی۔
حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی نے حکومتی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرنے کی حامی بھرلی، مطالبات پر ایک کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ناموس رسالت کے تحفظ کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ تحریک لبیک کے رہنماء بھی شامل ہوں گے، جو تمام چیزوں کا جائزہ لیں گے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ٹی ایل پی کے ساتھ 3 دن سے مذاکرات کر رہے ہیں، حکومت اور تحریک لبیک پاکستان کے درمیان مذاکرات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں اور انہوں نے حکومت کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کرنے کی حامی بھر لی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ناموس رسالتؐ ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، اس کے تحفظ کیلئے مل کر لائحہ عمل تیار کیا ہے، سوشل میڈیا سمیت مختلف پلیٹ فارمز پر اس قبیح عمل میں لوگ ملوث ہیں اور اس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ہم نے بیٹھ کر کچھ طریقۂ کار طے کئے ہیں کہ کس طرح تحفظ ناموس رسالتؐ کو ممکن بنا سکتے ہیں اور ان اقدامات کو اٹھانے سے ایسے لوگوں کو روکا اور سزا دی جاسکتی ہے، ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکتا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا ہے کہ ٹی ایل پی کے زعماء نے تدبر سے معاملات کے پرامن حل کیلئے کوشش کی، اپنے احتجاج کو ختم کرنے کی حامی بھری، ٹی ایل پی کا زور دنیاوی مسئلے پر نہیں بلکہ ان کا بنیادی نقطہ ناموس رسالتۖ کا تحفظ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں