0

عید الاضحی کے موقع پر مثالی صفائی کرنے اور آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے زور و شور سے اقدامات کئے جائیں،ڈپٹی کمشنر جہلم

دینہ(سہیل انجم قریشی سے) عید الاضحی کے موقع پر مثالی صفائی کرنے اور آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے زور و شور سے اقدامات کئے جائیں، منڈیوں کو لگانے کے لیے تمام اسسٹنٹ کمشنر اپنے اپنے علاقوں میں جگہ منتخب کریں، شہر کے اندر یا چوراہوں پر ہرگز جانوروں کی فروخت کی اجازت نہیں دی جائے گی یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو جہلم ڈاکٹر حسان طارق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی او میونسپل کمیٹی جہلم، دینہ، سوہاوہ اور اسسٹنٹ کمشنرز شامل ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور سی او میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ مناسب مقامات پر منڈیاں لگا کر تمام بیوپاریوں کو وہاں پابند کیا جائے شہر کے اندر جانوروں کو بیچنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے جبکہ عید الاضحی کے تینوں دن مثالی صفائی کی صورتحال قائم رکھی جائے اس سلسلہ میں ہر قسم کی مشینری اور آلات عید سے قبل متحرک کرلیں عید کے موقع پر کسی قسم کی عوامی شکایات ہر گز نہیں ہونی چاہیے۔