جہلم(چوہدری عابد محمود +سید ناصرحسین شاہ)جہلم شہر اور جی ٹی روڈ سمیت گردو نواح میں قائم ہوٹلوں پر مضر صحت کھانے اور صفائی کا ناقص انتظام، ملاوٹ مافیا کا راج،پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران و ملازمین خاموش تماشائی، شہریوں کا ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انورسے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق شہر وجی ٹی روڈ سمیت گردونواح کی سڑکوں پر قائم ہوٹلوں کے مالکان دھڑلے سے مضر صحت کھانے تیار کرکے فروخت کر رہے ہیں، جن کے استعمال سے شہری مختلف موذی امراض کا شکار ہو رہے ہیں، ناقص و غیر معیاری گوشت کے استعمال سے شہری طرح طرح کی بیماریوں میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرنے پرمجبور ہیں، پنجاب فوڈ اتھارٹی کے متعلقہ ذمہ داران ہوٹلوں، میرج ہالز، مارکیز، میرج گارڈنزسمیت باربی کیوفروخت کرنے والے والے دکانداروں کو چیک کرنے کی بجائے سب اچھا ہے کی رپورٹس بھجوا کر افسران کو خوش کر دیتے ہیں۔دوسری جانب شہر کی سڑکوں کے دونوں اطراف قائم بیکری، پکوڑے سموسے اور فاسٹ فوڈ فروخت کرنے والے دکانداروں نے حفظان کے صحت کے اصولوں کو ایک طرف رکھتے ہوئے سڑکوں پر سے اڑنے والی گرد و غبار اور دیگر حشرات جو کہ اشیا خوردونوش پر بھنبھناتے نظر آتے ہیں کی فروخت شروع کر رکھی ہے۔ شہریوں نے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر سمیت ضلع بھر میں فرض شناس ایماندار فوڈ اتھارٹی کے افسران و عملے کو تعینات کیا جائے تاکہ شہری حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق معیاری اشیاء استعمال کرکے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
