جہلم(چوہدری عابد محمود +چوہدری دانیال عابد)جہلم پنجاب پی ڈبلیو ڈی ایمپلائز یونین کے مرکزی نائب صدرمعروف لیبر لیڈر حاجی محمد افضل بلوچ نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں مہنگائی کے تناسب سے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے، ملازمین کے الاؤنسز کو ڈبل کیا جائے، کم از کم 50 فیصد پنشن میں اضافہ کیا جائے، ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز پنجاب پی ڈبلیو ڈی کے ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں جہلم، چکوال کے مختلف صوبائی محکموں کے ملازمین بھی موجود تھے حاجی محمد افضل بلوچ کا کہنا تھا کہ موجودہ مہنگائی نے محنت کشوں کا بیڑا غرق کرکے رکھ دیا ہے۔ ملک کے معاشی بحران نے ملازمین کو عجیب و غریب کیفیت میں مبتلا کر رکھا ہے۔ ضروریات زندگی، گیس، پانی، بجلی، گھریلو اشیاء اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں اضافہ ملازمین کے بس سے باہر ہو چکا ہے, سونے اور پٹرول کی قیمت بڑھنے سے مز دور اور ملازمین کی زندگیاں اجیران ہو چکی ہے مہنگائی میں 4سو گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ملازمین مہنگائی کی چکی میں پس کر چکنا چور ہو چکے ہیں، حکومت ملازمین کو مہنگائی الاؤنس دے، اگر بجٹ میں ملازمین کے حقوق کا خیال نہ رکھا گیا تو یہ محنت کشوں کے لئے تباہ کن بجٹ ثابت ہوگا۔ موجودہ حکومت ریٹائرڈ ملازمین کی پنشنز میں کم از کم 50 فیصد کا اضافہ کرے تاکہ سرکاری اداروں سے ریٹائرڈ ہونے والے معمربزرگ موجودہ مہنگائی کے دور میں اپنی گزربسر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو بجٹ میں حاضر سروس ملازمین اور پنشنرز کو موجودہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ کرنا چاہیے تاکہ ملازمین اور پنشنرز اپنی سفید پوشی کا بھرم قائم رکھ سکیں۔
