0

جہلم ضلع بھر کے صوبائی محکموں کے سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری

جہلم(چوہدری عابد محمود +عمیراحمدراجہ)جہلم ضلع بھر کے صوبائی محکموں کے سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری،جہلم کے تمام پرائیوٹ سکولز کے مالکان نے صوبائی گورنمنٹ کے ملازمین کے بچوں کے لیے فیسوں میں خصوصی رعایت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، ملازمین چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت 5 مئی 2023 کو ہونے والے ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع جہلم میں واقع تمام پرائیویٹ اسکولزصوبائی محکموں کے ملازمین کے بچوں کو سکول فیس میں رعایت دینے کے پابند ہونگے، ضلع جہلم کے مختلف پرائیویٹ سکولوں میں گریڈ 1 تا 10 کے صوبائی محکموں کے ملازمین کے بچوں کی فیسوں میں 50 فی صد رعایت جبکہ گریڈ 11 سے اوپر کے سرکاری ملازمین کے بچوں کو 30 فی صد رعایت دینے کے پابند ہونگے، جبکہ ملازمین کے بچوں کا داخلہ فری ہوگا۔اس کے علاوہ کسی بھی قسم کے دیگر فنڈز بھی وصول نہیں کئے جائیں گے۔ جس کاتحریری نوٹیفکیشن پرائیویٹ اسکولز مالکان سمیت صوبائی محکموں کے ضلعی سربراہان کو جاری کر دیا گیا۔جس پر سرکاری ملازمین نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اقدام کو احسن قرار دیااور امید ظاہر کی کہ ڈپٹی کمشنر صوبائی محکموں کے ملازمین کو پیش آنے والی مشکلات کے خاتمے کے لئے کردار ادا کریں گے۔بیشتر صوبائی محکموں کے ملازمین کی محکمانہ پرموشن، اوور ٹائم، ٹی اے ڈی اے جیسے مسائل کا سامنا ہے۔