0

ملک بھر کی طرح دینہ میں بھی یومِ تشکر شاندار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور انداز میں منایا گیا

دینہ(سہیل انجم قریشی سے) ملک بھر کی طرح دینہ میں بھی یومِ تشکر شاندار اور جذبہ حب الوطنی سے بھرپور انداز میں منایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی ترانہ بجایا گیا اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے سلامی پیش کی۔ تقریب کے شرکاء وطن سے وفا کے جذبے میں سرشار دکھائی دیے۔ اس پرجوش تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ صفاء عابد، مسلم لیگ (ن) کے سابق ایم پی اے مہر محمد فیاض، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی، کمیٹی ملازمین، تحصیل آفس دینہ کے افسران و ملازمین، دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد ایک پُرجوش ریلی اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد کی قیادت میں اے سی آفس سے مین چوک جی ٹی روڈ دینہ تک نکالی گئی، جس میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، ضلعی افسران، اساتذہ، طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ فضا پاکستان زندہ باد، پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔ دینہ ٹریفک پولیس کے انچارج مرزا نعمان اور ان کی ٹیم، جن میں لیڈی ٹریفک وارڈنز بھی شامل تھیں، ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے یومِ تشکر میں شریک ہوئیں۔ انہوں نے نہ صرف ملکِ پاکستان اور افواجِ پاکستان سے والہانہ محبت و یکجہتی کا اظہار کیا بلکہ ریلی کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی احسن انداز میں نبھائیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر صفاء عابد نے کہا کہ “پاکستان کے ازلی دشمن ہمیشہ بزدلانہ حرکتوں سے وطن عزیز کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے رہے، لیکن ہماری بہادر افواج نے ہر بار دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ آج کا دن اس بات کی تجدید کا دن ہے کہ ہم ہر قربانی کے لیے تیار ہیں اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ریلی کے اختتام پر شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یومِ تشکر کی یہ تقریب دینہ کے عوام میں نیا جوش، ولولہ اور حب الوطنی کی ایک تازہ لہر دوڑا گئی۔