جہلم(چوہدری عابد محمود +سید مظہرعباس)جہلم شہر و گردونواح میں آوارہ کتوں کے جھنڈ کثرت سے موجود، گلی محلوں میں ہنستی کھیلتی ننھی جانوں پر موت کے سائے منڈلانے لگے، میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ آوارہ کتوں کو تلف کرنے کی بجائے خاموش تماشائی،ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال میں اینٹی ڈاگ ویکسین بھی نایاب، شہریوں کا اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق شہر و مضافاتی علاقوں میں آوارہ کتوں کے جھنڈ دندناتے نظر آتے ہیں جبکہ آوارہ کتوں کے لشکر شہریوں سمیت معصوم بچوں کی جانوں کے لئے خطرہ بنے ہوئے ہیں، یہ کتے گلی، محلوں میں کھیلتی معصوم جانوں اور گلی محلوں سے گزرنے والی خواتین کے لئے موت کے جلاد کی نوید سناتے دکھائی دیتے ہیں۔دریں اثناء اکثر اوقات آوارہ کتے موٹر سائیکل سواروں کے پیچھے بھونکتے اور بھاگتے دکھائی دیتے ہیں جس کیوجہ سے اکثر اوقات موٹر سائیکل سوار ان کتوں سے بچنے کے لئے کسی نہ کسی چیز سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔شہریوں نے اندرون شہر کے گلی محلوں میں موجود آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے لئے میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کو متعدد بار تحریری و ذبانی طور پر آگاہ کیا لیکن ان کو تلف کرنے کی بجائے میونسپل کمیٹی کی انتظامیہ کسی بڑے حادثے کے انتظار میں ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کی ویکسین دستیاب نہیں جس کیوجہ سے متاثرین کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر/ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی سے مطالبہ کیاہے کہ شہر میں دندناتے آوارہ کتوں کی بابت میونسپل کمیٹی کے متعلقہ شعبہ کو آوارہ کتوں کو تلف کرنے کے احکامات اور سول ہسپتال میں اینٹی ڈاگ ویکسین کی فراہمی ممکن بنائی جائے تاکہ شہری بلا خوف وخطر زندگیاں گزار سکیں۔
0