0

ریسکیو سٹیشن دینہ پہ نہائت ہی سادہ مگر پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد

دینہ(سہیل انجم قریشی سے)یوم پاکستان 23 مارچ کے موقع پر سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر سعید احمد رانا کے ہدایات پہ ریسکیو سٹیشن دینہ پہ نہائت ہی سادہ مگر پروقار پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پہ ریسکیو 1122 کے جوانوں اور تحصیل ریسکیو آفیسر، شفٹ انچارج مقصود احمد انچارج تحصیل کمیونٹی سیفٹی ونگ فیصل محمود اور ریسکیو جوانوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
تحصیل ریسکیو آفیسر رانا ضیاء اللّہ خان نے پرچم کشائی کی اور جوانوں کو اپنے پیغام میں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ23 مارچ 1940 ہماری قومی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک علیحدہ اور خودمختار ریاست کے قیام کا عزم کیا۔ یہ دن ہمیں اتحاد، یکجہتی، اور اپنے فرائض کی ادائیگی کا درس دیتا ہے۔ریسکیو 1122، ایک پروفیشنل ادارے کے طور پر، اسی جذبے کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ ہم عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر، ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنی خدمات کو مزید مؤثر اور مستعد بنائیں گے تاکہ ہر شہری کو فوری اور معیاری ایمرجنسی سروسز فراہم کی جا سکیں۔