جہلم۔ (جرار حسین میر سے)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ون ڈش کی خلاف ورزی روکنے کے لیے سخت اقدامات کریں تمام میرج ہالز کو چیک کریں اور متعلقہ افسران کے ذریعے بھاری جرمانے کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے روٹی کی قیمت چودہ روپے مقرر کی ہے اس پر ہر صورت عمل درآمد ہونا چاہیے انہوں نے یہ بات پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں کہی ، انہوں نے کہا کہ روز مرہ کی اشیاء خوردونوش کی قیمتوں پر کنٹرول کے حوالے سے پنجاب حکومت نے انتہائی سخت پالیسی اختیار کی ہے ۔ جس پر مکمل عمل درآمد ہر صورت یقینی بنانے کی ضرورت ہے ۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گزشتہ پندرہ دنوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں گزشتہ پندرہ دنوں کے دوران مختلف اشیاء کی قیمتوں اور مارکیٹ میں دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔ روٹی، دالوں، گوشت اور سبزیوں کی قیمتوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں زائد قیمتوں کی وصولی پر کیے گئے جرمانے اور قانونی کارروائیوں کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے پندرہ دنوں کے دوران 8747 مقامات پر چھاپے مار کر 595 خلاف ورزیاں پکڑی جس پر گراں فروشوں پر مجموعی طور پر 11 لاکھ 82 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔
0