پنڈ دادن خان ( ملک ظہیر اعوان) ضلع جہلم میں رواں سال کی دوسری پولیو مہم 28 اکتوبر سے شروع ہو کر یکم نومبر تک جاری رہے گی، جس دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر کے 2 لاکھ 28 ہزار 908 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کے لیے 1094 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی جبکہ 74 فکس اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں مخصوص مقامات پر موجود رہیں گی۔ ان ٹیموں کی نگرانی کے لیے 223 ایریا انچارج اور 56 یونین کونسل مانیٹرنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں تاکہ مہم کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے اجلاس میں ہدایت کی کہ اس مہم کے دوران مقررہ اہداف کو مکمل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے خاص طور پر اُن علاقوں پر توجہ دینے کی ہدایت کی جہاں والدین یا سرپرستوں کی جانب سے پولیو کے قطروں سے انکار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پولیو ورکرز کی مناسب تربیت اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے احکامات بھی دیے۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس مہم کے دوران پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے اور پاکستان سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔
0